مسلمان سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کریں

محمد برہان الدین قاسمی
ایڈیٹر: ایسٹرن کریسنٹ

یہ ایک حقیقت ہے کہ 2014 کے بعد ہمارا عزیز ملک ہندوستان خاصا بدل سا گیا ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے. یہ تبدیلیاں مسلمانوں کے حق میں مجموعی طور پر بہت منفی ہے،جو بہرحال ملک کے لیے اور آگے آنے والی نسلوں کے لیے بھی نقصان دہ ہوسکتی ہیں.

موجودہ حالات مسلمانوں کے لئے تقریباً ایسا ہی ہے جیسا کہ1857 کے بعدکا ہندوستان. 2017 کے ہندوستان کے مسلمانوں کے حالات سے 1860 کے ہندوستان کا موازنہ کرنا کافی حدتک درست ہوگا. یعنی حکومت کی طرف سے مسلمانوں کے مذہبی، جذباتی، تعلیمی اور سماجی و بلکل ذاتی مسائل کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنا، ہندوں اور مسلمانوں میں نفرت پیدا کرنا اور مسلمانوں میں گروہی و مسلکی اختلافات کو ہوا دینا تاکہ یہ آپس میں لڑتے، مرتے رہیں اور حکومت میں بیٹھے لوگ اپنے حوارین کے ساتھ اپنے مقاصد کے انجام دہی میں مشغول رہیں.

آج ہندوستان میں جو کچھ بھی ہورہا ہے- بات بات پر بھیڑ کے ذریعہ معصوموں کا قتل، ٹوپی، داڑھی اور برقہ کے ساتھ نفرت اور کسی کو دکان سے اٹھا کر پاکستانی کرکٹ ٹیم کی نام نہاد جیت کی خوشی منانے پر ملک کے خلاف بغاوت(Sedition)کے کیس میں جیل بھیجدنا؛ یہ سب اچھی خاصی پلاننگ اور انتھک محنت کا حصہ ہے، جس پر آر ایس ایس(RSS) اور اسکی ذیلی تنظیمیں گزشتہ تقریباً سو سالوں سے کام کرہی ہیں. یہ لوگ تو انگریزوں کے ساتھی تھے اور ملک کی آزادی اور تقسیم کے ساتھ ہندوستان پر ہندو راشٹرکے آقاؤں کےطور پر قابض ہونا چاہتے تھے. لیکن جنگِ آزادی کے حقیقی راہنماؤں جیسے مہاتما گاندھی، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر، مولانا ابوالکلام آزاد اور انکے جیسے وطن پرست، اتحاد و باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے متوالوں کی فراست اور قائدانہ صلاحیت کی وجہ سے ناکام ہوگئے.

اب2014 میں جا کر ان کو ہندوستان کی سیاست میں جس طرح کی کامیابی چاہیے تھی وہ ملی، اور انہوں نے اپنے ایجنڈے پر کام کرنا شروع بھی کردیا. ہندوستان کی عوام کو 1857 کے بعد بھی کامیابی ملی، اگرچہ کافی قربانیوں کے بعداور اب بھی ملیگی انشاءاللہ. لیکن اس کے لئے بےحد محنت اور لگن کے ساتھ بہت اچھی پلاننگ اور اٹوٹ اتحاد کا مظاہرہ کرنا پڑے گا. اب کی بار لڑائی ہندوستان کےاندر موجود برہمنواد کے ناسور سے ہے. اور یہ خطرناک وائرس(Virus) ہے جس نے یورپ، امریکہ میں مسلمانوں کےخلاف بےحد متشدد(Extreme Right) گروپس اور مسلمانوں کے ابدی دشمن اسرائیل کے ساتھ ملکر ایک برمودا ٹرائنگل(Bermuda Triangle) جیسا ہلاکت خیر ٹرائنگل اتحاد کیا ہوا ہے.

اس صورت حال میں سیکولر ہندو، مسلمان، سکھ، عیسائی اور دلت میں سے کوئی بھی گروپ تنہا میدان میں اترےگا تو کامیاب ہونا بہت مشکل ہے. یاد رہے کہ 1857 اور 2017 میں 160 سال کا لمبا فاصلہ بھی ہے. حالات، تقاضے، انداز، سوچ، طریقہء کار اور آلات سب میں بہت فرق ہے. آج سرحدیں جیتی نہیں جاتی حکومتیں بدلی جاتی ہے جسکو رجیم چینج (Regime Change) کا نام دیا جاتا ہے. آج پروپیگنڈہ صرف انسان کے ذریعہ نہی بلکہ زیادہ تر میڈیا کے ذریعہ کیا جاتا ہے. اور آج میڈیا صرف اخبارات اور ٹی وی چینلز کا نام نہیں بلکہ سوشل میڈیا ان سب سے آزاد، سستا اور ہر شخص کے اپنے کنٹرول میں بھی ہے.

گزشتہ دس سالوں کے اندر دنیا بھر میں یہ ثابت ہوچکا ہے کہ سوشل میڈیا عوامی تحریک اور حکومتوں اور عوام کے درمیان تبادلہ خیال میں زیادہ کارگر ثابت ہوا ہے. تو پھر ہندوستان کے 25 کروڑ مسلمان اس نعمت کو اپنے لیے اور اپنے ملک کے مفاد میں مثبت اور مؤثر انداز میں کیوں نہ استعمال کریں؟

آرایس ایس کے تنخواہ یافتہ اور بغیر تنخواہ کے رضاکار مرد و خواتین دو کام خاص طور پر کرتے ہیں. ایک اپنے اغراض و مقاصد کی تشہیر اور دفاع کے لیے سوشل میڈیا پر بہت فعال ہوتے ہیں، کچھ بھی لکھتے اور شیئر کرتے ہیں. جن کو ان کے مخالفین اور سنجیدہ دنیا ٹرولز (Trolls) یعنی پریشان کرنے والا نامعقول گروپ کے نام سے پہچانتی ہے. دوسرا ان کا ایک گروپ خاص طور پر خواتین پر مشتمل چھوٹے چھوٹے جتھہ کی شکل میں گاؤں گاؤں اور گھر گھر جاتا ہے. الیکشن کے ایام میں یہ بہت فعال ہوتا ہے اور پھر یہی لوگ بی جی پی کے بوتھ (Booth) کمیٹی کے اہم ممبر ہوتے اور الیکشن کے دن ان ہی میں سے کوئی بی جی پی کا پولنگ ایجنٹ بھی ہوتا ہے.

لہذا صرف تین سالوں میں درجنوں بڑی بڑی ناکامیاں – ڈیمونیٹائزیشن، (Demonitization) کالا دھن، کرپشن، قیمتوں میں مسلسل اضافہ، GDP میں گراؤٹ، FDI میں کمی، کسانوں کی خودکشی، کشمیر کا مسئلہ، نظم و نسق اور امن آمان تقریباً ہر سمت ناکام ہونےْکے باوجود اگر بی جی پی الیکشن پر الیکشن جیت رہی ہے تو اس کے لئیے اس کے مائکروپلانگس(Micro Plannings) اور سخت محنت کو کریڈٹ دینا پڑے گا. BJP کے پاس صرف trolls ہی نہیں بلکہ اچھی طرح سے تربیت یافتہ، قربانی دینے والے لوگ ہر میدان؛ تعلیم، صحت، پولیس، کورٹ اور تجارت میں کروڑوں کے تعداد میں موجود ہیں.

برہمنواد ایک سوچ (Ideology) کا نام ہے. اس نے بہت کوشش اور مسلسل جد و جہد کے بعد ہندوستان پر اپنا پنجہ جما یا ہے. اس کا مقابلہ سست، سطحی اور محض جذباتی انداز سے بالکل نہیں ہو سکتا. ایک سوچ کو دوسرے سوچ سے ہی بہتر طریقے سے مارا جا سکتا ہے. اس کے لیے1916 کے بعد والی پلاننگ و اتحاد جیسی پلاننگ واتحادا کے ساتھ ساتھ 2017 والی ٹیکنیک اور دماغ کو بیک وقت بروئے کار لانا پڑے گا.

سوشل میڈیا کے ذریعہ ملک میں جمہوریت، محبت، آپس میں بھائی چارگی اور امن و سکون کے حامی ہر طبقہ اور ہر مذہب کے لوگوں کو پکارنا پڑےگا. پھر گاؤں گاؤں اور گھر گھر تک ہندوستانیت کا تعارف کے ساتھ ساتھ برہمنواد کے نقصانات کو بھی پہونچانا پڑے گا.

کیا ہم یہ سب کر سکتے ہیں؟ کیوں نہیں، آپ کو کرنا ہی پڑے گا. نہیں تو آج جنید، پہلوخان اور محمد اخلاق کا نمبر تھا کل آپ، آپکا بھائی اور آپکے بیٹے کا بھی نمبر آسکتا ہے. آج آپ کا ہندوستان بہت پیارا ہے، اس کے دستور پر آپ کو فخر ہے اور ہونا بھی چاہیے، لیکن اگر آپ آج بھی ہوش کے ناخن نہیں لیں گےتو کیا معلوم کل یہی ملک ہم سب کے لئے اور ہمارے بچوں کے لئے کوئی برما، کوئی اسرائیل نہ بن جائے. تاریخ گواہ ہے کہ الحمراء (موجودہ اسپین کا ایک شہر) سےایک ساتھ تقریباً پچاس لاکھ مسلمانوں کا انخلاء ہوا ہے. اندلس (موجودہ اسپین) کی مسجدیں، وہاں کے باغات اور نہریں، وہاں کی لائبریریاں اور تعلیمی ادارے ہمارے جامع مسجد، لال قلعہ، قطب منار اور تاج محل، ہماری خدا بخش لائبریری، ہمارے جامعہ ملیہ اسلامیہ اور دارالعلوم دیوبند کے جیسے یا اس سے عظیم تھے. چنانچہ آپ کو، ہم سب کو آج ہی مورچہ سنبھالنا پڑےگا. عقلمند وہی ہے جوطوفان سے پہلے تیاری کرتا ہے.

سوشل میڈیا، خاص طور پر ٹوئٹر (Twitter) اور فیس بک (Facebook) پر ھشٹگ(Hashtag) # نشان کے استعمال کا بہت فائدہ ہے. اس لئے خاص موضوعات پر ھشٹگ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں. #Hashtag ہمیشہ الفاظ کے درمیان بغیر اسپیس(Space) کے استعمال کیا جاتا ہے. مثلاً آپ جب Not In My Name کو ھشٹگ کرنا چاہتے ہیں تو آپ #NotInMyName لکھیں گے. Capital(بڑے) یا Small (چھوٹے) حروف کے ساتھ لکھنے سے کوئی فرق نہیں ہوتا، بس درمیان میں اسپس (خلا) یا دوسرا کچھ نقطہ وغیرہ نہیں ہونا چاہیے.

ٹؤئٹر اور فیس بک میں @ (at) کا نشان استعمال کیا جاتا ہے جب آپ کوئی پیغام کسی خاص شخص کو بھیجنا چاہتے ہیں یا کسی عمومی پیغام میں ایک خاص شخص یا کچھ شخصیات کو بھی شامل کرنا چاہتے ہیں. لیکن اس کے لیے آپ کو اس شخص یا شخصیات کا Twitter اور Facebook ہینڈل معلوم ہونا چاہیے، اور یہ بھی ہمیشہ بغیر اسپیس کے لکھا جاتا ہے. مثلاً میرا ٹوئٹر اور فسبک دونوں ہنڈیلس mb.qasmi@ ہے. اب اگر آپ نے کسی پیغام کے بالکل شروع میں…mb.qasmi@ لکھا تو یہ پیغام صرف میں اور آپ دیکھیں گے اور اگر آپ نے پیغام کے درمیان یا آخیر میں مثلاً آپ نے میسج لکھا India against #MobLynching We demand #JusticeforJunaid
@mb.qasmi @EC_Editor
اس صورت میں آپ کا یہ پیغام آپ کے تمام دوست جو آپ کی لسٹ میں ہیں وہ تو دیکھیں گے ہی، شیئر بھی کر پائیں گے اور ساتھ ساتھ MB.Qasmi اور Easter Crescent کے ایڈیٹر کو بھی ارسال ہوگا جو اگرچہ آپ کے Friends’ List میں شامل نہیں ہیں.

سوشل میڈیا میں عوامی پیغام بھیجنے کے لئے چاہے Text, Image یا Video کی شکل میں ہو ٹوئٹر اور فیس بک ہی بہترین ذریعہ ہے. ان کا زیادہ سے زیادہ استعمال ہونا چاہیے. تجارت یا پروفیشنل ترسیل و ارسال کے لئے Linkedin، فوٹو شیر کے لیے Instagram اور Flickr اور ذاتی یا چھوٹے گروپ میں کمیونیکیشن کے لئے WhatsApp بہترین ذریعہ ہے.

چنانچہ ان تمام سوشل ذرائع ابلاغ کا سمجھ بوجھ کراور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سماجی اور ملکی مفاد عامہ کے لئے زیادہ سے زیادہ استعمال ہونا چاہیے. یہ وقت کا ایک اہم تقاضہ بھی ہے اور پڑھے لکھے لوگوں کی ذمہ داری بھی. جوش اور محض جذبات سے آگے معقول انداز میں سب کو جوڑنے کی باتیں کی جائے. جدید سائبر جرائم قانون (Cyber Crime Act) کی خلاف ورزی نہ کی جائے اور بلا وجہ خون خرابہ کی تصاویر یا وڈیوز شیر کرکے امن و امان کو بگڑنے بھی نہ دیا جائے .

آج بھی ہو جو براہیم کا ایماں پیدا. آگ کر سکتی ہے انداز گلستاں پیدا.

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے