سب سے آسان ترجمہ قرآن مجید حافظی” کے بارے میں قلبی تاثرات”

بہ قلم :حضرت قاری محمد یوسف قاسمی استاذ تجوید و قرآت دارالعلوم دیوبند

حامداً و مصلیاً ، أما بعد!
قرآن پاک اللہ -وحدہ لا شریک لہ – کی مہتم بالشان کتاب ہے ، جس کے متعلقات پر ہر دور میں محنتیں کی گئی ہیں ، خواہ ترجمہ ہو یا تفسیر ،لغوی ، نحوی ، صرفی تحقیق ہو یا حفظِ قران ہو یا تجوید و قرأت اسی سلسلۃ الذہب کی ایک کڑی میرے سامنے ” سب سے آسان ترجمہ قران” ہے ، یہ حضرت ڈاکٹر مفتی اشتیاق احمد قاسمی استاد عربی دارالعلوم دیوبند کا ترجمہ ہے ، جو نہایت آسان الفاظ اور عام فہم اسلوب میں کیا گیا ہے ، موصوف نے عربی و فارسی الفاظ سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے موجودہ دور سے ہم آہنگ ، سلیس تعبیر کے ساتھ کیا ہے ، تاکہ کم لکھے پڑھے لوگ بھی ترجمہ سے استفادہ کر سکیں ۔
بندۂ ناچیز بھی اس ترجمہ کو دیکھتا رہتا ہے ۔

جس رکوع یا سورت کو پڑھنے یا مشق کرانے کا ارادہ ہوتا ہے تو اپنی عادت کے مطابق ترجمہ دیکھ لیتا ہوں ، جب سے یہ ترجمہ سامنے آیا ہے تب سے اسی کو دیکھتا رہتا ہوں اور ویسے بھی وقت ملنے پر استفادہ کرتا رہتا ہوں ، یہ ترجمہ بہت ہی آسان اور خوب تر معلوم ہوتا ہے ۔
مختصر یہ کہ مترجم موصوف نے ” علمائے حق” بالخصوص "علمائے دیوبند” کے مختلف تراجم کو سامنے رکھ کر بڑی محنت و عرق ریزی سے تیار کیا ہے ، جس پر اکابرِ امت کی تائید و توثیق بھی ثبت ہیں۔
دراصل یہ حسنِ تکمیل ہے استاد محترم حضرت اقدس مولانا مفتی سعید احمد پالنپوری نور اللہ مرقدہ شیخ الحدیث و صدر المدرسین دارالعلوم دیوبند کے فرمان کی ، جب مترجم موصوف نے چند آیات کا ترجمہ کر کے حضرت کو دکھلایا تھا تو آپ نے اس کی تحسین فرمائی اور فرمایا : میں ایسا ہی چاہ رہا ہوں ، اسی نہج پر چل پڑو!
اللہ جل شانہ نے مترجم سے یہ عظیم الشان کام لیا ، اس پر یہ مبارکبادی کے مستحق ہیں ۔
دعا ہے کہ اللہ رب العزت قبول فرما کر مقبولِ عام فرمائے اور مترجم موصوف کو نعم البدل عطا فرمائے اور ذخیرہ آخرت بنائے ! آمین !
(حضرت قاری )محمد یوسف
خادم تجوید و قرآت دارالعلوم دیوبند 3/ جمادل الاولی 1446 ہجری

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے