کتاب The Art of Laziness کا حاصل مطالعہ قسط 23، 24،25

پومودورو (Pomodoro) یعنی وقفہ لے لے کر کام کرنے کی تکنیک

از: اظہارالحق قاسمی بستوی
پرلس اکیڈمی اورنگ آباد

"یہ تکنیک بہت سادہ سی ہے۔ آپ کو جو کرنے کی ضرورت ہے وہ یہ ہے کہ آپ 25 منٹ تک بلا وقفہ و تعطل کے کام کریں، پھر 5 منٹ کا بریک (وقفہ) لیں۔ آپ اسے دہراتے رہیں۔”

میں بغیر وقفہ لیے کافی دیر تک کام کرنا پسند کرتا ہوں۔ اگر آپ تھک جاتے ہیں تو آپ کو دیکھنا چاہیے کہ آپ اس تکنیک کو اپنے حساب سے کیسے ایڈجسٹ و استعمال کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر آپ کو کسی امتحان کی تیاری کرنی ہے اور کئی باب یاد کرنے ہیں۔ آپ پومودورو تکنیک استعمال کرتے ہوئے 25 منٹ تک مسلسل پڑھتے ہیں، اس دوران آپ کا فوکس صرف اس موضوع پر ہوتا ہے۔ پھر 5 منٹ کا وقفہ لیتے ہیں تاکہ دماغ کو آرام مل سکے۔ اس طریقے سے آپ پڑھنے کا عمل مزید کار آمد و موثر بنا لیتے ہیں، کیونکہ چھوٹے وقفے آپ کی توجہ اور یادداشت کو بہتر رکھتے ہیں۔
آرام بہت اہم ہے۔ اپنے کام کے دوران جب بھی آپ محسوس کریں کہ آپ دیر تک کام کرنے یا زیادہ کام کرنے کی وجہ سے ذہنی طور پر تھک گئے ہیں تو آپ کو آرام کرنا چاہیے۔
آپ نے محسوس کیا ہو گا کہ اگر آپ کسی بھی کام میں بہت انہماک سے مصروف ہوں تو آپ باقی ہر چیز سے بے فکر اور بے پرواہ ہو جاتے ہیں۔ آپ کو وقت گزرنے کا بھی احساس نہیں ہوتا۔ ایسا اکثر نہیں ہوتا مگر جب ایسا ہوتا ہے تو آپ خوشی محسوس کرتے ہیں۔ یہ خوشی تبھی حاصل ہو سکتی ہے جب آپ کچھ ایسا کر رہے ہوں جو آپ کو پسند ہو۔ اگر آپ کو اپنا کام پسند نہیں ہے تو آپ اس خوشی کو کبھی محسوس نہیں کر سکتے۔ اپنے کام سے پیار کرنا اس خوشی کو محسوس کرنے کا واحد طریقہ ہے۔

قسط 24
5 منٹ کا اصول
آپ کے پاس ہمیشہ بہت سے زیر التواء کام ہوتے ہیں کیوں کہ آپ ان چھوٹے کاموں کو بھی ٹالتے رہتے ہیں جو فوری طور پر یا 5 منٹ سے کم وقت میں ہو سکتے ہیں یہ کہتے ہوئے کہ آپ انھیں بعد میں کریں گے اور آپ انھیں کبھی نہیں کرتے۔ چناں چہ کرنے کے کاموں کی فہرست بڑھتی چلی جاتی ہے اور پھر آپ کافی تعداد میں زیر التواء کاموں کو دیکھ دیکھ کر پریشان ہوتے رہتے ہیں۔ نتیجتاً آپ کاموں کو تھوڑا بھی سمیٹ نہیں پاتے کیوں کہ ایک دو کام کرنے سے آپ کے کاموں کی لمبی لسٹ پر کچھ خاص فرق نہیں پڑتا۔

ایک نیا اصول جس پر آپ کو ہمیشہ عمل کرنا چاہیے وہ یہ ہے کہ جو کچھ بھی 5 منٹ سے کم میں ہو سکتا ہے اسے ابھی کر ڈالیں۔ آپ ایسے کسی بھی کام کو کل پر نہ ٹالیں بل کہ اسے ابھی کر لیں۔ جیسا کہ بینجمن فرینکلن نے کہا تھا: "چھوٹے چھوٹے اخراجات سے ہوشیار رہو۔ ایک چھوٹا سا رِساو (لیک) ایک عظیم جہاز کو ڈبو دیتا ہے۔”
اسی طرح ہمیں چھوٹے چھوٹے کاموں کے حوالے سے بیدار رہنا چاہیے کیونکہ وہ ہماری افادیت کی صلاحیت کو برباد کر دیں گے۔
ایک کام ابھی کریں: ان تمام چھوٹی چیزوں کی فہرست بنائیں جنھیں آپ کو کرنا ہے۔ اس کتاب کو بند کریں اور وہ سارے چھوٹے چھوٹے کام نمٹا لیں جو ابھی کیے جا سکتے ہیں۔
ان کاموں کو کر ڈالیں۔ انتظار نہ کریں۔ انتظار سے کام خود بخود نہیں ہو جائے گا بل کہ آپ کو کرنا ہی پڑے گا چاہے ابھی کریں یا بعد میں۔

قسط 25
دو دن کا اصول
دو دن کا اصول بھی بہت سادہ اور آسان ہے یعنی یہ کہ آپ کسی کام کو لگاتار دو دن نہیں چھوڑیں گے۔
اگر آپ کے لیے واقعتاً ضروری ہو تو آپ اسے ایک دن کے لئے چھوڑ سکتے ہیں لیکن دو دن کے لئے ہر گز نہیں۔ فرض کریں کہ آپ نے روزانہ ورزش کرنا شروع کیا، یا کوئی کتاب لکھنا شروع کیا یا روزانہ ڈیڑھ گھنٹے کا پر سکون مطالعہ شروع کیا، پھر اچانک آپ کو کوئی ناگہانی صورت حال پیش آگئی جس کی وجہ سے آپ ایک دن کے لیے یہ کام نہیں کر سکتے تو کوئی بات نہیں۔ یہ ٹھیک ہے لیکن اگر آپ لگاتار دو دن چھوڑ دیتے ہیں تو ورزش نہ کرنا، کتاب و مطالعہ کے کام کو چھوڑ کر بیٹھے رہ جانا آپ کی عادت بن جاتی ہے اور پھر امکان رہتا ہے کہ آپ کئی دنوں تک یہ کام نہ کریں۔
تسلسل اور مستقل مزاجی بہت ضروری ہے۔ مستقل مزاجی کے بغیر آپ اپنے مقاصد کی طرف نہیں بڑھ سکتے۔ اگر آپ کے پاس کار ہے تو اس کی دیکھ بھال کرنے کی ضرورت ہے بصورت دیگر مسائل بڑھنا شروع ہو جائیں گے؛ چناں چہ ہو سکتا ہے کہ جب آپ کو کار چلانے کی ضرورت ہو تو وہ اسٹارٹ ہی نہ ہو یا سفر کے درمیان اچانک رک جائے۔ اس لیے مستقلاً اس کی دیکھ بھال رکھیں۔

(اگلی قسط: آخری قسط ان شاءاللہ)

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے