سونے سے پہلے روزانہ دس منٹ یہ عمل کریں
از: اظہارالحق قاسمی بستوی
پرلس اکیڈمی اورنگ آباد
آپ کی زندگی کا ہر دن بہت قیمتی اور بہت اہم ہے۔ آپ کو آگے بڑھنے اور پیچھے دیکھنے دونوں کی ضرورت ہے۔ آپ کو اپنے کاموں پر سوچ بچار کرتے رہنا چاہیے کہ آیا آپ صحیح کام کر رہے ہیں یا نہیں۔ اور اگر آپ صحیح کام کر رہے ہیں، تو انہیں مزید بہتر کیسے بنایا جا سکتا ہے؟
آپ کبھی بھی کسی ایسی چیز کو بہتر نہیں کر سکتے جس کی کمیوں کا آپ پتہ نہ لگا سکیں۔ دن بھر میں توجہ بانٹنے والی بے شمار چیزیں آپ کو پیش آتی رہتی ہیں جو آپ کی افادیت کو کم کر سکتی ہیں نیز یہ کہ وہ آپ کی زندگی کو بہتر بھی نہیں بناتیں۔ لہذا آپ کو ہر رات سونے سے پہلے مندرجہ ذیل چیزیں ضرور کرنا چاہئے:
1) ایک قلم اور کاغذ لیں اور جو کچھ آپ نے دن بھر میں کیا اور حاصل کیا ہے اسے لکھیں۔ تمام اچھے اور غیر اچھے کاموں کو نوٹ کریں جو آپ نے دن بھر میں کیا ہے۔ اسے گھنٹہ در گھنٹہ کے حساب سے لکھیں۔ اس سے آپ کو پتہ چلے گا کہ آپ نے ان چیزوں پر اپنا کتنا وقت ضائع کیا جس سے آپ کی زندگی میں ذرا بھی بہتری نہیں آئی۔
2) پھر آپ وہ چیزیں لکھیں جو آپ کو کل کرنا ہے۔ کاموں کی ایک مختصر فہرست بنائیں۔ اسے زیادہ لمبا نہ کریں۔ اپنے دن کی منصوبہ بندی کرنا انتہائی اہم ہے۔ اگلے دن کی منصوبہ بندی آپ کو اہم کاموں پر مرتکز رکھتی ہے تاکہ آپ کم اہم کاموں میں الجھ کر نہ رہ جائیں اور آپ پریشان نہ ہوں۔
ہر روز کا یہ آسان سا عمل آپ کو اس بات سے آگاہ کرے گا کہ آپ ہر روز اپنا وقت کس طرح گزارتے ہیں، آپ اپنا وقت کتنا اور کہاں ضائع کر رہے ہیں، نیز آپ کو اس بات کا بھی ادراک ہوگا کہ آپ اپنی زندگی سے توجہ بانٹنے والی چیزوں کو کیسے دور کر سکتے ہیں جو آپ کی زندگی کو ذرا بھی قیمتی نہیں بنا رہی ہیں۔
تین تیر
آپ ایک دن میں کئی سارے کام کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو آپ جلد تھکن محسوس کرنے لگتے ہیں۔ تھک جانے میں کوئی حرج نہیں ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ جب آپ بہت زیادہ کام کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو عام طور پر آپ وہ کام کرنا شروع کر دیتے ہیں جو اُتنے قیمتی نہیں ہوتے اور آپ ایسے کام کرنے لگتے ہیں جو آپ کو اپنے اہداف کی طرف نہیں بڑھاتے۔
چناں چہ آپ کو جو کرنے کی ضرورت ہے وہ یہ ہے کہ آپ ان چیزوں کو لکھیں جو آپ کو کرنا ہے۔ پھر تمام غیر اہم چیزوں کو کاٹ دیں۔ آپ صرف تین سب سے اہم اور قیمتی کام ہی کریں۔ آپ دیکھیں کہ وہ تین چیزیں کون سی ہیں جسے کرنا سب سے زیادہ قیمتی اور ضروری ہے۔ اس سے آپ نشان منزل تک پہنچنے میں کامیاب ہو سکیں گے۔
(یومیہ محاسبہ کا تصور مذہب اسلام اور بطور خاص اہل اللہ کے یہاں بھی پایا جاتا ہے۔ اس سے تمام دن میں ضائع کیے گئے وقت اور کیے گئے غلط کاموں پر تنبہ ہوتا ہے اور آئندہ غلط چیزوں سے بچنے کا عزم کیا جاتا ہے۔ اسی طرح ہمیں اپنی زندگی کے ایک ایک لمحے کی قدر کرنی چاہیے اور اسے بہتر سے بہتر بنانے کی تکنیکیں رو بہ عمل لانی چاہئیں۔)
جاری