24/7 (چوبیس گھنٹے اور ساتوں دن) کام نہ کریں
از: اظہارالحق قاسمی بستوی
پرلس اکیڈمی اورنگ آباد
"آج سے 20 سال بعد، صرف آپ کے بچے یاد رکھیں گے کہ آپ دیر تک کام کرتے رہتے تھے (کوئی اور یاد نہیں رکھے گا)۔ ساحل بلوم
زیادہ مفید و نتیجہ خیز بننے کا مطلب زیادہ کام کرنا نہیں بل کہ اس کا برعکس ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ اپنے کام کو کم وقت میں مکمل کریں تاکہ آپ اپنے دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ وقت گزار سکیں۔ اگر آپ بہت دیر دیر تک کام کرتے ہیں تو آپ کی تخلیقی اور افادیت کی صلاحیت دونوں متاثر ہوتے ہیں۔ دفتر میں روزانہ بارہ گھنٹے گزارنا اور اپنی زندگی کے دیگر تمام پہلوؤں کو نظر انداز کرنا مناسب رویہ نہیں ہے۔ کبھی کبھی یہ ٹھیک ہے، لیکن ہر وقت اور ہر دن یہ مناسب نہیں۔
ہمیں اپنی افادیت اور نتیجہ خیزی کی پیمائش اس بات سے کرنی چاہیے کہ ہم کتنا کام کرتے ہیں، اس بات سے نہیں کہ ہم کام میں کتنا وقت لگاتے ہیں۔ کچھ لوگ اپنی انا کی تسکین کے لیے زیادہ وقت دفتر میں گزارتے ہیں۔
اگر آپ بہت زیادہ کام کرتے ہیں مگر پھر بھی اپنے اہداف کو حاصل نہیں کرپا رہے ہیں، تو اس بات کا بہت زیادہ امکان ہے کہ آپ اہم ترین کاموں کو چھوڑ کر غیر اہم کاموں میں مصروف ہیں اور کم اہم چیزیں آپ کو اصل اہم کام کرنے سے دور کر رہی ہیں۔ اہم ترین کاموں کے بجائے کم ضروری کام کرنے میں لگنا اور مصروف رہنا بھی پروکریسٹینیشن (بہانے بازی) ہے۔ ضروری چیزوں میں بے جا عذر نہ کریں۔ اس سے یقیناً آپ کو آپ کے مطلوبہ نتائج حاصل ہوں گے۔
میں نے دیکھا ہے کہ لوگ جان بوجھ کر ایسا (مصروف رہتے یا رہنے کا دکھاوا) کرتے ہیں۔ ضروری کام کرنا عموماً مشکل ہوتا ہے، اس لیے وہ محنت کرنے کے بجائے آسان کام کرنے لگتے ہیں اور خوب وقت لگاتے ہیں تاکہ وہ مصروف نظر آئیں۔
زندگی مختصر ہے
زندگی بہت مختصر ہے۔ اپنی ساری زندگی کام کرنے میں ضائع نہ کریں؛ تاکہ جب آپ بوڑھے ہو جائیں تو آپ کو یہ حسرت نہ رہے کہ کاش آپ نے کچھ الگ کام یا مختلف طریقے سے کام کیا ہوتا۔
ان تمام چیزوں کے بارے میں سوچیں جن پر آپ کو بڑھاپے میں پچھتاوا ہوگا۔ اپنی زندگی سے لطف اٹھائیں۔ ہو سکتا ہے کہ آپ کو وہ کام کرنے کا موقع کبھی نہ ملے جو آپ ابھی کرنا چاہتے ہیں۔ جب آپ اسّی (80) سال کے ہو جائیں گے تو آپ دنیا کی سیر و سیاحت سے لطف اندوز نہیں ہو سکیں گے۔ اگر آپ ابھی اپنے لیے کچھ نہیں کریں گے تو کیا بڑھاپے میں کریں گے؟
اگر آپ بہت زیادہ محنت کرتے ہیں اور پھر بھی اپنے اہداف حاصل نہیں کر پا رہے ہیں تو اس کی دو وجوہات ہو سکتی ہیں:
1۔ ہو سکتا ہے کہ آپ اتنی محنت نہ کر رہے ہوں جتنی آپ سمجھتے اور سوچتے ہیں کہ آپ کر رہے ہیں۔ ممکن ہے کہ آپ زیادہ تر وقت سست رہتے ہوں اور سوچتے ہوں کہ آپ سخت محنت کر رہے ہیں۔
2۔ ہو سکتا ہے کہ آپ غلط چیزوں پر محنت کر رہے ہوں۔ یا ممکن ہے کہ آپ کم اہم چیزوں پر کام کر رہے ہوں یعنی ان چیزوں پر جن سے زیادہ فرق نہیں پڑتا۔ آپ اپنا زیادہ تر وقت معمولی چیزوں پر صرف کرتے ہوں گے اور مشکل اور ضروری کام نہیں کرتے ہوں گے۔
آپ جو کام بھی کرتے ہیں اس کی کچھ نہ کچھ قدر و قیمت ہوتی ہے جو آپ اس کو کر کے حاصل کرتے ہیں۔ کچھ کام آپ کی زندگی میں دوسرے کاموں اور لوگوں کے مقابلے میں زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔ آپ کم اہم کاموں کے ذریعے اپنے ہدف ومشن سے اپنی توجہ دور نہیں کر سکتے۔ آپ ان چیزوں کے لیے زیادہ سے زیادہ وقت لگائیں جو اہم ہیں۔
موثر و مفید بنیں، مشغول نہیں
"اگر سیڑھی درست دیوار کے ساتھ نہ لگی ہو تو ہماری طرف سے سیڑھی پر رکھا جانے والا ہر قدم ہمیں تیزی سے غلط جگہ پر لے جاتا ہے۔” اسٹیفن کووی
یعنی اگر ہمارا رخ درست نہ ہو تو ہماری کوششیں چاہے کتنی ہی بڑی کیوں نہ ہوں، ہم غلط نتائج حاصل کریں گے اور ہماری محنت اور کوششیں ضائع ہو جائیں گی اور ہمیں وہ کامیابی حاصل نہیں ہوگی جو ہم چاہتے ہیں۔
12/ گھنٹے کام کرنے کا کوئی مطلب اور فائدہ نہیں۔ آپ غور کریں تو آپ کو احساس ہو گا کہ آپ غلط چیزوں پر محنت کر رہے ہیں۔ آپ کو ان چیزوں پر کام کرنا چاہیے جو آپ کو آپ کے اہداف و مقاصد کی طرف لے جائیں۔ آپ بلا دیکھے سیڑھی پر چڑھنا شروع نہ کر دیں کہ آدھے راستے میں پہنچ کر ارد گرد پر آپ کی نظر پڑے تب آپ کو احساس ہو کہ آپ غلط سیڑھی چڑھ رہے ہیں۔ اپنے خوابوں پر کام کریں، دوسروں کے خوابوں پر نہیں۔
مفید و موثر بنیں، بزی اور مصروف نہیں۔ ہر وقت مصروف رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ صرف مصروفیت کی خاطر مصروف نہ رہیں۔ اس کے بجائے نتیجہ خیز بنیں۔ ان چیزوں پر محنت کریں جو آپ کو آپ کی منزل سے قریب کریں نہ کہ دور۔
جاری