بسیار کاری(Multi-tasking) ایک افسانہ ہے
از: اظہارالحق قاسمی بستوی
پرلس اکیڈمی اورنگ آباد
"جو آدمی ایک ہی وقت میں دو خرگوشوں کا پیچھا کرتا ہے وہ ایک کو بھی نہیں پکڑپاتا۔” کنفیوشس
ملٹی ٹاسکنگ کا مطلب ہے ایک ہی وقت میں ایک سے زیادہ کام کرنا۔ ایسا دیکھنے اور سوچنے میں اچھا لگتا ہے، لیکن یہ افادیت بخش نہیں ہے۔ ہم ایک ہی وقت میں کئی اہم چیزوں پر توجہ نہیں دے سکتے۔ اگر آپ کے پاس دو اہم کام ہیں تو ملٹی ٹاسکنگ آپ کی کارکردگی کو گھٹا دے گی۔ نیز اس کا بھی بہت امکان ہے کہ آپ اگر کاموں کو مسلسل تبدیل کرتے رہیں تو آپ بہت جلد تھکن کا شکار ہو جائیں۔
جیسا کہ کہاوت ہے "شیطان تفصیلات میں چھپا ہوتا ہے” اس محاورے کا مطلب یہ ہے کہ بظاہر کوئی چیز یا منصوبہ سادہ یا آسان لگ سکتا ہے لیکن اس کی باریکیاں یا چھوٹے پہلو بہت اہمیت رکھتے ہیں اور اکثر پیچیدگیوں یا مشکلات کا سبب بنتے ہیں۔
مثال کے طور پر، کوئی کاروباری معاہدہ بہت فائدہ مند نظر آ رہا ہے، لیکن اس کی شرائط و ضوابط کی باریکیاں اگر نظر انداز کی جائیں تو بعد میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ اس محاورے کا مقصد یہ ہے کہ چھوٹی تفصیلات کو نظرانداز کرنے کے بجائے ان پر بھی مکمل توجہ دی جائے، کیونکہ اصل چیلنج اکثر انہی میں پوشیدہ ہوتا ہے۔اس لیے اس وقت آپ جو کچھ بھی کر رہے ہیں اس پر آپ کو پوری توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ کاموں کو بار بار تبدیل کرنے سے آپ کی توجہ کم ہو جائے گی، اور آپ سے چھوٹی چھوٹی غلطیاں ہونے کا امکان بڑھ جائے گا جس کا نقصان بڑا شدید بھی ہو سکتا ہے۔ جس کی ایک مثال یہ ہے:
11 دسمبر 1998 کو، ناسا نے مریخ کی آب و ہوا کا مطالعہ کرنے کے لیے Mars Climate Orbiter کو خلا میں بھیجا۔ مارس کلائمیٹ آربیٹر کی تعمیر پر 125/ ملین امریکی ڈالر لاگت آئی۔ 23/ ستمبر 1999 کو خلائی جہاز مریخ کے مدار میں داخل ہوا اور پھر اچانک ناسا کا اس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ یہ ایک عام سی غلطی کی وجہ سے ہوا اور وہ یہ تھی کہ: انجینئرز انگریزی یونٹس کو میٹرک میں تبدیل کرنے میں ناکام رہے۔ خلائی جہاز مریخ کے بہت قریب پہنچ گیا مگر ایک معمولی غلطی کی وجہ سے تباہ ہو گیا۔
آپ ایک کام سے دوسرے کام میں جتنا زیادہ جائیں گے، اتنی ہی تیزی سے آپ تھک جائیں گے۔ اور جب آپ تھک جاتے ہیں، تو آپ چھوٹی چھوٹی تفصیلات پر توجہ نہیں دے پاتے۔ جب ہم کاموں کو پیہم تبدیل کرتے ہیں تو تناؤ کی سطح بھی بڑھ جاتی ہے۔
تین نکات جو آپ کو زیادہ مفید و موثر بنا سکتے ہیں:
1) کاموں کو تبدیل کرنے سے گریز کریں۔ ایک چیز پر پوری توجہ کے ساتھ کام کریں اور پھر دوسرے کام پر جائیں۔
2) توجہ ڈسٹرب کرنے والی تمام چیزوں کو اپنے آپ سے دور کردیں اور اپنے ہاتھ میں موجود کام پر پوری توجہ مرکوز رکھیں۔
3) اپنے فون پر موجود تمام غیر اہم اطلاعات (نوٹیفیکیشنز)کو بند کر دیں۔
مکمل فوکس کریں اور بھرپور توجہ دیں
اپنی افادیت کو بہتر بنانے کے لیے آپ جو سب سے بہتر کام کر سکتے ہیں وہ یہ ہے کہ ایک وقت میں آپ صرف ایک چیز پر توجہ مرکوز کریں۔ اہم کام کم توجہ کے ساتھ کرنے کے لیے نہیں ہیں۔ وہ ہماری پوری توجہ چاہتے ہیں۔
مثال کے طور پر اگر آپ کو تین کام کرنے کی ضرورت ہے تو اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ سب سے پہلے تینوں میں سے جو سب سے اہم کام ہو اسے مکمل توجہ کے ساتھ کریں اور پھر دوسرے اور پھر تیسرے پر جائیں۔ اور سب سے برا طریقہ یہ ہے کہ تمام کام ایک وقت میں کرنے کی کوشش کریں اور ہر پانچ منٹ میں ایک کام چھوڑ کر دوسرا کام کرنے لگیں۔ اس سے آپ کو ہو سکتا ہے کہ محسوس ہو کہ آپ افادیت بخش ہیں، لیکن ایسا بالکل نہیں ہے۔ کسی بھی چیز کو اپنی توجہ میں خلل انداز ہونے کی اجازت نہ دیں۔
ہلکی سی جھپکی لیں/مختصر قیلولہ کریں
جب آپ پوری توجہ کے ساتھ دیر تک کام کرتے ہیں تو آپ کی دماغی توانائی کم ہو جاتی ہے۔ اپنی توانائی کو واپس پانے کے لیے سب سے اچھی چیز جو آپ کر سکتے ہیں وہ ہے جھپکی لینا۔ یہ شاید سب کے لیے ممکن نہ ہو، لیکن اگر آپ یہ کر سکتے ہیں، تو یہ کیے جانے کے لائق چیز ہے۔ اس سے آپ مزید قوت کے ساتھ کام کرنے کے لیے دوبارہ تیار ہو جائیں گے۔ لمبا قیلولہ نہ کریں۔ کوشش کریں کہ قیلولہ ایک گھنٹے سے کم کا ہو۔ تین بجے کے بعد قیلولہ کرنے سے گریز کریں۔ اگر آپ دن میں بہت زیادہ سوئیں گے یا تین بجے کے بعد سوئیں گے تو آپ کو رات کو سونے میں پریشانی ہوسکتی ہے۔
خلل والی چیزوں سے دور رہیں
ہم اس وقت بہترین کام کرتے ہیں جب ہم دوسروں سے مسلسل پریشان نہیں ہوتے۔ افادیت بخش نتائج دینے کے لیے ہمارے دماغ کو کام کی رو کی حالت میں آنے میں کچھ وقت لگتا ہے۔ اگر آپ مسلسل مختلف چیزوں کی وجہ سے ڈسٹرب رہتے ہیں تو آپ صحیح طریقے سے توجہ نہیں دے پائیں گے، اور آپ کی افادیت بری طرح متاثر ہوگی۔
سب سے اہم بات
اگر آپ کو لازمی طور پر ایک سے زیادہ چیزیں کرنی ہیں، تو آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ کون سا کام اہم ہے۔ آپ کو ان تمام غیر اہم کاموں کو خود سے دور کرنا ہوگا جو آپ کے ہدف کی راہ میں معاون نہ ہوں۔ زندگی میں، کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جنہیں آپ کرنا چھوڑ سکتے ہیں، اور اس سے کوئی فرق بھی نہیں پڑے گا۔ سب سے بڑی توجہ ڈسٹرب کرنے والی چیز جس کا لوگوں کو سامنا کرنا پڑتا ہے یہ ہے کہ وہ اہم کام کرنے کے بجائے غیر اہم کام کرنے لگتے ہیں۔
جاری