وضو اور نماز کی عملی مشق: تعارف کتاب

تعارف کتاب: ”وضو اور نماز کی عملی مشق“ (طبعِ چہارم)

بقلم: ابن مالک ایوبی

صاحبِ کتاب: حضرت اقدس مفتی ابو القاسم نعمانی صاحب (مہتمم و شیخ الحدیث دارالعلوم دیوبند)

صفحات: 224

ناشر: مکتبہ فیضِ محمود، دیوبند و بنارس

+91 97208 19131

اسلام میں نماز کی وہی حیثیت ہے، جو کسی عمارت میں اس ستون کی ہوتی ہے، جس کے دم پر وہ عمارت قائم ہے، گویا اسلام اگر سقفِ لاہُوتی ہے، تو نماز اس کا روحانی ستون ہے، اور اس ستون کی بنیاد وضو کے مخصوص نظافتی عمل پر ہے، جس کے بغیر نماز کا کوئی تصور نہیں۔

نماز کی اس خصوصیت و اہمیت کے بہ موجب اس کے سیکھنے سکھانے، اس کے مسائل و احکام کی واقفیت اور اس کے ارکان کی درست ادائیگی کے لیے ہر زبان میں بے شمار کتابیں معرضِ وجود میں آئیں، جن مین تازہ ترین تصنیف ”وضو اور نماز کی عملی مشق“ ہے۔

وضو اور نماز کی دیگر کتب کے مقابلے، اس کا جس طرح نام جدا گانہ ہے، اسی طرح اس کی انفرادیت و امتیاز بھی کچھ مختلف ہے، چناں چہ اگر اجمالی جائزہ لیا جائے، تو اس کتاب میں کم از کم چار ایسی خصوصیات ہیں، جو وضو و نماز کی دیگر کتابوں سے الگ؛ بلکہ ان کے مقابلے فوقیت و بہتری کی حامل ہیں:

1- کتاب کی تصنیف کا اصل پسِ منظر، وہ اصلاحی و تعلیمی مجلس ہے، جو حضرت اقدس مولانا مفتی ابو القاسم نعمانی صاحب دامت فیوضہم کی نگرانی میں ہر رمضان میں منعقد ہوتی تھی، جس میں حضرت والا بذاتِ خود وضو، غسل، تیمم اور نماز وغیرہ کے مسائل تفصیل سے بیان کرتے اور ہر عمل کا طریقہ بیان کرنے کے ساتھ اس کو خود کر کے بھی دکھلاتے، حضرت کی اس مفید ترین مجلس سے خلق کثیر نے فائدہ اٹھایا، حضرت والا کی مقبولیت اور اصلاحی مجلس کی نافعیت کا عالم یہ تھا کہ بنارس کی مسجدِ بلال، مالتی باغ عموماً کھچا کھچ بھری رہتی اور سن رسیدہ بزرگوں سے لے کے جوان علماء تک حضرت سے نماز سیکھنے اور اپنی نماز کو بہتر کرنے کے لیے وہاں موجود ہوتے تھے۔

اور یہ حقیقت ہے کہ اسلام میں تعلیم و تبلیغ کے لیے جن طور طریقوں کو آغاز ہی سے رواج ملا ہے، ان میں عمل و کردار کا موثر ترین ذریعہ سر فہرست ہے، جس کو زبانِ حق ترجمان کے عالی فرمان ”صلو كما رأيتموني أصلي“ کی صورت، صدر اسلام میں ہی سند فراہم ہو گئی تھی۔

لہٰذا وضو و نماز کی دیگر کتب کی نسبت اس کتاب کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اس کی بنیاد اور اس کا اصل مقصور عمل و ادا کے ذریعے نماز کو سکھانے کی کوشش ہے۔

2 – دوسری اہم ترین خصوصیت، جو اس کتاب کو نماز کی دیگر تمام کتابوں سے ممتاز کرتی ہے، وہ یہ کہ اس میں کہی گئی ہر بات، بتائے گئے ہر رکن اور بیان کیے گئے ہر مسئلے کا مکمل حوالہ موجود ہے، نیز وضو اور نماز سے متعلق کسی بھی پہلو سے معاشرے میں اگر کوئی کوتاہی پائی جاتی ہے، تو خاص طور پر اس کی نشان دہی بھی کر دی گئی ہے، کتاب کی اس انفرادیت کا سہرا، مرتبِ کتاب مفتی محمد مصعب صاحب قاسمی (دار الافتاء دارالعلوم دیوبند) کے سر جاتا ہے، جنہوں نے بڑی عرق ریزی اور لگن سے کتاب کے مشمولات کو حوالہ جات سے مزین فرمایا۔ فجزاه اللہ تعالیٰ خیر الجزاء

3- اس کتاب کی بنیاد چوں کہ خطاب اور بیان ہے، اس لیے کتاب کی زبان انتہائی آسان اور سلیس ہے۔

4- وضو اور نماز کے بنیادی ارکان کے علاوہ اکثر پیش آنے والے مسائل شاملِ کتاب ہیں، چناں چہ جہاں وضو پر گفتگو ہے، وہاں وضو کے متعلق اور جہاں نماز پر کلام ہے وہاں نماز کے متعلق مسائل فقہیہ ذکر کیے گئے ہیں، تاکہ عمومی صورت حال کے حوالے سے حتیٰ الامکان یہ ایک کتاب کافی ہو جائے۔

مجموعی طور کتاب فقط وضو اور نماز کے فرائض و ارکان کے ذکر تک محدود نہیں ہے؛ بلکہ ابتدائی تربیت کے ساتھ ایک اصلاحی طرز کی کتاب ہے، جس میں ہر عمل کے اعمال و ارکان کے پہلو بہ پہلو اس کی اہمیت و فضیلت بھی بیان کی گئی ہے، ساتھ ہی اعمال کے تعلق سے الٰہی و نبوی فرامین اور اقوالِ اکابر کی بھی شمولیت ہے۔

آغاز میں صاحبِ افادات حضرت مہتمم صاحب دامت برکاتہم کی تقدیم کے بعد، ”چند بنیادی اور ضروری باتیں“ کے عنوان سے نماز کو سنت کے مطابق باقاعدہ سیکھنے اور اس سلسلے میں عملی مشق و تربیت کی اہمیت کو اجاگر کرتی ایک ضروری اور اہم تحریر بھی شامل ہے۔

کتاب کے مطالعے کے بعد یہ کہنے میں ادنیٰ تامل نہیں ہو سکتا کہ وضو و نماز کے تعلق سے یہ اپنے موضوع کی منفرد اور انوکھی کتاب ہے، جو ہر چھوٹے بڑے کی بنیادی ضرورت ہے؛ بلکہ اپنے راہنما طرز، آسان اسلوب اور مدلل مواد کی بنیاد پر ملت کے نونہالوں کو نماز اور اس کے متعلقات سکھانے کے لیے یہ ایک نصابی کتاب کا درجہ رکھتی ہے۔

مواد و مشمولات کے علاوہ، ظاہری خوبیوں کے لحاظ سے بھی یہ کتاب ”مکتبہ فیضِ محمود“ کی دیگر اعلیٰ طباعتی اشاعتوں میں بلند مقام کی حامل ہے، دیدہ زیب سر ورق، دبیز معیاری کاغذ، صاف اور واضح ٹائپنگ کے ساتھ رنگین طباعت نے کتاب کے معیار کو بہت بلند کر دیا ہے۔

کتاب حاصل کرنے کے لیے مکتبہ نعمیہ، دیوبند سے رابطہ کریں۔

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے