محمد عبید اللہ قاسمی، دہلی
بہت قابلِ مبارکباد اور قابلِ رشک ہیں وہ لوگ جو حضور صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل شدہ کتاب اور رہتی دنیا تک زندہ وجاوید چیلنج کن معجزہ قرآنِ کریم کی خدمت میں لگے ہوئے ہیں. حفاظِ کرام قرآنِ کریم کے الفاظ کی حفاظت میں مشغول ہیں جبکہ علماءِ کرام قرآنِ مجید کے معانی کی حفاظت میں مصروف ہیں. جو حضرات عربی زبان وادب، قواعد وبلاغت کی تدریس میں مصروف ہیں وہ بھی قرآنِ مجید کی حفاظت کا کام کررہے ہیں کیونکہ وہ قرآن کی زبان کی حفاظت کررہے ہیں. عربی زبان دنیا کی تمام زبانوں میں سب سے افضل زبان ہے، اس کے مفردات وسیع ہیں، اس کے قواعد جامع اور comprehensive ہیں جس کی وجہ سے دوسری زبانوں کے برعکس مستثنیات انتہائی قلیل ہیں. عربی زبان دیگر زبانوں کی طرح طفولت وکہولت وضعیفی کے مرحلے سے کبھی نہیں گزری ہے بلکہ ہمیشہ جوان اور کامل ومکمل رہی ہے. یہ بات بھی اس زبان کی امتیازی خصوصیات میں شامل ہے. موجودہ عہد جو کہ سیاسی اقتدار کی بناء پر (نہ کہ کسی ذاتی خوبی کی بناء پر) انگریزی زبان کے غلبے کا ہے ایسے عہد میں بھی عربی زبان کی قدروقیمت دنیا کو مُسَلم ہے. اقوامِ متحدہ کی 6 سرکاری زبانوں میں عربی زبان بھی شامل ہے اور ہر سال 18 دسمبر کو اقوامِ متحدہ "عالمی عربی ڈے” کے طور پر جشن مناتی ہے.
عربی زبان کی خدمت کرنے والے اور اس کی تدریس کا مشغلہ اختیار کرنے والے حضرات اگر حفاظتِ قرآن اور خدمتِ دین کی نیت بھی کرلیں تو ان کے لئے سونے پر سہاگہ ہوگا اور ان شاء اللہ ایک ایک لفظ کی محنت پر انہیں اجر ملے گا.
آخرت میں جنت کی زبان عربی ہوگی. دنیا میں انسانیت کی ہدایت کی سب سے بڑی کتاب اور اللہ تعالی کی طرف سے بھیجے گئے ہدایت نامہ قرآنِ کریم کی زبان عربی ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان عربی ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تمام احادیث عربی زبان میں ہیں. کیا نبی علیہ الصلاۃ والسلام سے محبت کا تقاضا یہ نہیں ہے کہ ہم ان کی زبان سیکھیں اور سِکھائیں، اپنے بچوں کو سِکھائیں، اس کو promote کریں، اشاعت کریں اور اس کے پھیلنے کا ذریعہ بنیں؟ یہ کس قدر افسوس کی بات ہے کہ ہندستان جیسے ملک میں بھی بہتیرے غیر مسلم دنیاوی مفادات کے لئے تو عربی زبان سیکھیں مگر مسلمان جن کا رشتہ عربی سے اسی طرح ہونا چاہیے جیساکہ مچھلی کا پانی سے ہوتا ہے وہ اس سے اغماض برتیں اور اپنے بچوں کو اس سے دور رکھیں! ضرورت ہے کہ ہمارا رشتہ عربی زبان سے مضبوط ہو، ہم عربی سے سچی محبت کرنے والے بنیں، اس میں پختگی اور کمال حاصل کرنے کے لئے محنت کریں اور عربی زبان کی حفاظت کو قرآنِ کریم کی حفاظت کا ذریعہ سمجھیں اور دین کی نیت کے ساتھ اس کی خدمت کریں. اللہ تعالی ہم سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے!
مورخہ یکم اکتوبر، 2023