حبیب اعظمی @
ابھی کچھ دیر قبل (20/ اگست 2023ء اتوار) صبح تقریباً گیارہ بجے واٹس ایپ کے متعدد گروپوں کے ذریعے یہ افسوس ناک خبر ملی کہ "محترم جناب الحاج گلزار احمد صاحب اعظمی (سکریٹری قانونی امداد کمیٹی جمعیۃ علماء مہاراشٹر )کا انتقال ہوگیا ہے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون.
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے ، ان کی تمام خدمات کو قبول فرمائے ، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عنایت فرمائے، اہل خانہ اور جملہ پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور قوم و ملت کو ان کا نعم البدل عطاء فرمائے، آمین۔
جناب الحاج گلزار احمد صاحب اعظمی رحمۃ اللہ علیہ ملک و ملت کی ان اہم شخصیات میں سے تھے ، جن کی عظیم الشان خدمات سے قوم و ملت برابر استفادہ کررہی تھی۔ قوم و ملت کے حوالے سے ان کے نمایاں کارنامے ایسے اہم اور عظیم الشان ہیں کہ ان کو بھلانا ناممکن ہے۔
وہ جمعیت علمائے ہند کے صدر محترم حضرت الاستاذ مولانا سید ارشد مدنی صاحب دامت برکاتہم کے معتمد خاص اور جمعیت علمائے مہاراشٹر کی قانونی امدادی کمیٹی کے انتہائی متحرک و فعال سکریٹری بھی تھے۔ ان کی جد وجہد اور قانونی لڑائی کے نتیجے میں ملک کے بہت سے بے گناہ افراد جیلوں کی مشکلات اور صعوبتوں سے نجات پاسکے تھے۔
دہشت گردی کے الزامات میں قید و بند میں مبتلاء بے گناہ مسلم نوجوانوں کی رہائی کے لیے جمعیت علمائے ہند نے جو نمایاں خدمات انجام دی ہیں ، وہ بے مثال اور قابل فخر ہیں۔ ان مقدمات کی پیروی اور بے گناہوں کی باعزت رہائ دلانے کے پیچھے جناب الحاج گلزار احمد صاحب اعظمی رحمۃ اللّٰہ علیہ کا بڑا اہم کردار ہے۔ اخبارات و رسائل کے صفحات پر اکثر و بیش تر ملک و ملت کے اہم اور نازک مسائل و معاملات پر ان کے بیانات اور بے گناہوں کی رہائی سے متعلق ان کے کارناموں کی تفصیلات شائع ہوا کرتی تھیں۔
جناب الحاج گلزار احمد صاحب اعظمی ضلع اعظم گڑھ کے موضع "کھریواں” کے رہنے والے تھے اور تقریباً پچاس سال قبل وہ ممبئی چلے گئے تھے۔ 1956ء سے ہی وہ جمعیت علمائے ہند سے وابستہ ہوگئے تھے اور ممبئی جیسی مصروف جگہ رہ کر قوم و ملت کی عظیم خدمات انجام دے رہے تھے ، کبھی کبھی ان کا اعظم گڑھ اپنے وطن آنا ہوتا تھا۔
ابھی ہمارے جامعہ کے ناظم اعلیٰ قائد قوم و ملت حضرت الحاج مولانا مفتی محمد یاسر صاحب قاسمی مبارک پوری دامت برکاتہم صدر جمعیت علمائے اعظم گڑھ نے بتایا کہ تقریباً دو تین سال پہلے جب مولانا مستقیم احسن صاحب اعظمی رحمۃ اللّٰہ علیہ ہمارے جامعہ عربیہ احیاء العلوم مبارک پور تشریف لائے تھے تو جناب الحاج گلزار احمد صاحب اعظمی رحمۃ اللّٰہ علیہ بھی ان کے ساتھ جامعہ تشریف لائے تھے۔
ان کے علالت کی خبر گزشتہ چند روز قبل سے موصول ہورہی تھی ، پچھلے دنوں وہ اپنے گھر کے کسی حصے میں گر گئے تھے جس سے ان کو چوٹیں بھی آئی تھیں۔ علاج معالجہ کے لیے اسپتال میں داخل کیے گئے ، افسوس کہ آج مورخہ 2/ صفر 1445ھ مطابق 20/ اگست 2023ء اتوار کی صبح کو ان کی وفات کی الم ناک اطلاع موصول ہوئی۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی کامل مغفرت فرمائے ، اپنے مقبولین و صالحین بندوں میں شامل فرما کر اپنی وسیع رحمت اور عظیم جنت میں داخل فرمائے۔
@
استاذ جامعہ عربیہ احیاء العلوم مبارک پور
و نائب سیکرٹری جمعیت علمائے ابراہیم پور
و مدیر دوماہی ‘افکار’ ابراہیم پور