مؤلف: مولانا عبدالرشید صاحب مظاہری
تعارف نگار: اسعد اللہ سہیل اعظمی
حضرت مولانا عبد الرشید صاحب {شیخ الحدیث مدرسہ بیت العلوم سرائمیر} کی شخصیت محتاج تعارف نہیں، قدرت نے آپ کو اخلاص ومحبت، علم وعمل، قلم و قرطاس اور اصلاح وتربیت کی دولت سے خوب سرفراز کیا ہے، آپ جہاں ایک طرف قدیم وکہنہ مشق استاذ ہیں، تو وہیں دوسری طرف سہل اسلوب کے مصنف، آسان لب ولہجہ کے مقرر اور بے مثال تربیت کے پیرو مرشد بھی ہیں۔ یقیناً آپ جبال علم اور فیض مجسم ہیں۔
پیش نظر کتاب دراصل ان رسائل کا مجموعہ ہے جو مختلف اوقات میں مختلف النوع عناوین پر لکھے گیے تھے اور خاص وعام کے حلقوں میں مقبول بھی ہوئے تھے۔ اب انہی کو یکجا کرے ایک ضخیم کتاب کی شکل دے دی گئی ہے۔ قارِئین اور مُتَوَسِّلِیْن کو پہلے کے بالمقابل اس سے استفادہ کرنے میں آسانی ہوگی۔
کتاب مذکور میں پہلے نمبر پر "آئینہ عقائد” نامی رسالہ شامل ہے، اس میں آسان اور عام فہم زبان میں اسلام کے بنیادی عقائد کو بیان کیا گیا ہے، جن کا جاننا اور ان کے مطابق عمل کرنا ہر کلمہ گو پر لازم ہے ۔
دوسرے نمبر پر "طریقہ نماز برائے خواتین اسلام” ہے اس میں عورتوں کی نماز کا مسنون طریقہ وضو اور نماز کے بعض اہم احکام ومسائل تحریر کیے گئے ہیں ۔
تیسرے نمبر پر ” اسلام کا نظام عفت اور پردہ شرعی ” ہے، اس میں مسلم خواتین کے شرعی پردے کا ذکر ہے اور معاشرے میں پھیلی ہوئی بے حیائی اور عریانیت کا تذکرہ بھی۔
چوتھے نمبر پر "نبی کریم ﷺ کے اخلاق حسنہ” نامی رسالہ شامل ہے، اس میں نبی کریم ﷺ کے اخلاق کریمہ واوصاف حمیدہ کا ذکر ہے۔
پانچویں نمبر پر ” زکوٰۃ اسلام کا ایک بنیادی فریضہ” ہے، اس میں اسلامی فریضہ زکٰوۃ کی اہمیت اور اس کا مرتبہ سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے۔
چھٹے نمبر پر” شفاء القلوب” نام سے رسالہ ہے، یہ آپ نے حضرت مولانا ابراہیم صاحب افریقی زید مجدہم (جانشین حضرت فقیہ الامت علیہ الرحمہ) کی ہدایت اور خواہش پر مرتب کیا، دراصل یہ رسالہ اکمال الشیم، ارشاد الملوک، شریعت اور طریقت کا تلازم نامی کتابوں سے استفادہ کے بعد ایک انتہائی جامع تلخیص ہے۔
ساتویں نمبر پر ” زیارتِ حرمین شریفین اور حجاب شرعی” ہے، اس میں حج کی فرضیت، فضیلت، حج نہ کرنے پر وعید اور بیت اللہ شریف میں پردہ شرعی کے اہتمام کرنے کا بیان ہے۔۔
مختصر یہ کہ کتاب سدا بہار تحریروں کا ایسا گلشن ہے جو بقامت کہتر بقیمت بہتر کی مصداق ہے
کتاب ملنے کا پتہ درج ذیل ہے۔
بیت الرشید ، متصل مدرسہ بیت العلوم سرائمیر