سلسلہ تعارف کتب (31): نمونے کی زندگی(اصلاحی مضامین)

*تعارف نگار:مولانا ضیاء الحق خیرآبادی*

*نام کتاب:نمونے کی زندگی( اصلاحی مضامین)*

*مصنف: مولانا ضیاء الدین صاحب قاسمی ندوی*

*مرتب : مولانا راشد عمار قاسمی بن مصنف کتاب*

رسول اللہﷺ کو اﷲ تعالیٰ نے ان کی امت کے لئے ہادی ورہنما بناکر بھیجا تھا ، چنانچہ انسانی زندگی میں پیش آنے والے تمام مراحل و ضروریات کے متعلق آپ کی ہدایات موجود ہیں،ایک مسلمان کے لئے دنیا وآخرت کی سب سے بڑی کامیابی اور فلاح یہ ہے کہ اسے اتباع سنت کی دولت حاصل ہوجائے اور وہ اسوۂ نبوی کے مطابق اپنی زندگی کو بنالے۔ آج کے اس دور میں جبکہ کتاب وسنت سے دوری اور بیزاری ایک عام بات ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ رسول اللہﷺ کی تعلیمات کو تحریر وتقریر کے ذریعہ عمدہ اور دلنشیں پیرایہ میں جس قدر ہوسکے عوام الناس کے سامنے لایا جائے ، اور ان کے قلوب میں اس بات کو راسخ کیا جائے کہ یہی وہ نسخۂ کیمیا ہے جس پر عمل کرکے قرونِ اولیٰ کے مسلمان سرفرازی وسربلندی کے اس اعلیٰ مقام پر پہنچے تھے کہ ہر مخلوق ان کے تابع فرمان ہوگئی تھی ، اور آج ہماری ذلت ورسوائی کی اصل بنیاد کتاب وسنت سے دوری اور اس سے انحراف ہے ۔

اسی ضرورت کو محسوس کرکے استاذ محترم مولانا ضیاء الدین صاحب قاسمی ندوی نے عبادات ، معاملات ، معاشرت اوراخلاقیات وغیرہ سے متعلق تقریباً تیس احادیث نبویہ کا انتخاب کرکے عصر حاضرکے ماحول ومزاج کے اعتبار سے ان کی عام فہم تشریح کی ہے، جس سے ان شاءاﷲ ایمان کے اندر پختگی ،سنت رسول سے محبت وشیفتگی اور احکام اسلام پر عمل کے جذبات بیدار ہوں گے۔

کتاب کے چند عناوین یہ ہیں:

٭غصہ کی زیادتی ہلاکت خیز صفت ہے۔٭کلید کامیابی: اتباعِ سنت اور اتحادِ ملت۔٭مومن کی ایثارپسندی اور نفع رسانی کی برکتیں۔ ٭معاشرتی زندگی میں مل جل کر رہنے والوں کا مقام ومرتبہ۔٭کردار سازی میں حیاء ایمانی کی اہمیت ۔٭مومن کا ہر کارِ خیر صدقہ ہے ۔٭عزت وسربلندی کا نبوی نسخہ۔٭دجال سے زیادہ خطرناک چیزریاء ونمود۔ ٭ اللہ کے لیے اسلامی اخوت و محبت پیدا کیجیے۔٭افضل ترین مسلمان کون؟

ان عناوین سے اندازہ بخوبی ہوجاتا ہے کہ یہ کتاب ہمارے لئے کس قدر اہمیت کی حامل ہے۔اسی اہمیت کے پیش نظرمدرسہ دارالعلوم تحفیظ القرآن سِکھٹی مبارکپور اعظم گڈھ کے جواں سال وفعال ناظم مولانا عبدالعظیم صاحب نے اسے مدرسہ کے شعبۂ نشرواشاعت سے شائع کیا ، کتاب ۱۹۲/صفحات پر مشتمل ہے، اس کا مقدمہ مصنف کے رفیق درس،معروف ندوی عالم وادیب،الرائد کے چیف ایڈیٹر مولانا سید جعفر مسعود حسنی ندوی کے قلم سے ہے، جو موضوع کتاب کا بہترین تعارف ہے۔

کتاب مذکورہ مدرسہ اور مکتبہ ضیاء الکتب خیرآباد سے حاصل کی جاسکتی ہے۔

ضیاء الحق خیرآبادی

٢٤ ذی الحجہ ١٤٤٣ھ مطابق ٢٤ جولائی ٢٠٢٢ء اتوار

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے