سلسلہ تعارف کتب (۱): درس سیرت

*تعارف نگار: ضیاءالحق خیرآبادی*

*نام کتاب:درس سیرت*

*مولف:مولانا ڈاکٹر حافظ سید عزیز الرحمٰن صاحب*

’’ *درس سیرت* ‘‘ سیرت طیبہ کے دعوتی پہلو پر لکھے گئے پچاس مضامین کامجموعہ ہے ۔ جس میں سیرت سے متعلق کسی واقعہ کو ایک درس قرار دے کر اس پر گفتگو کی گئی ہے ، اور اس سے کیا سبق حاصل ہوتا ہے اسے بیان کیا گیا ہے اور اس پرعمل کی دعوت دی گئی ہے۔

ہر درس چار سے پانچ صفحات پر مشتمل ہے ، نہ اتنا طویل کہ پڑھنے والا اکتا جائے اورنہ اتنا مختصر کہ تشنگی کا احساس ہو۔ اس کو پڑھ کر تعلیمات نبوی سے آگاہی اور اس کی گہرائی وگیرائی کا پتہ چلتا ہے ،دل میں ذات نبوی ﷺ کی محبت پیدا ہوتی ہے اور اطاعت نبویﷺ کا جذبہ بیدار ہوتا ہے۔

کتاب کے مولف مولانا ڈاکٹر حافظ سید عزیز الرحمٰن صاحب پاکستان کے ایک علمی خانوادے سے تعلق رکھنے والے ایک جواں سال عالم ہیں۔ ۱۹۹۵ء میں مولانا سلیم اللہ خاں صاحبؒ سے بخاری شریف پڑھ کر درس نظامی سے فراغت حاصل کی ،پھر کراچی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی۔ ان کے دادا مولانا سید زوّار حسین صاحب (صاحب عمدۃ الفقہ ) پاکستان کے معروف عالم وفقیہ اور صاحب دل بزرگ تھے، ان کے نانا پروفیسر محمد سلیم صاحب کا شمار وہاں کے ممتاز ماہرین تعلیم میں ہوتا تھا ، ان کے دو رسالے ’’ آغاز اسلام میں مسلمانوں کا نظام تعلیم ‘‘ اور ’’مثالی مسلم اساتذہ وطلبہ ‘‘ ہندوستان میں مرکزی مکتبہ اسلامی دہلی نے شائع کیا ہے، جو پڑھنے کی چیز ہے۔ان کے والد مولانا حافظ سید فضل الرحمن صاحب مفسر قرآن اور سیرت نگار کی حیثیت سے علمی حلقوں میں معروف ہیں ۔ سیرت نبوی سے اس خانوادہ کا خاص تعلق ہے، کراچی سے ’’ السیرۃ ‘‘ ششماہی کے نام سے ایک مجلہ نکالتے ہیں جس کی ضخامت ۴۰۰؍ صفحات کے قریب ہوتی ہے، اب تک چالیس سے زائد شمارے شائع ہوچکے ہیں ، خاص بات یہ ہے کہ اس میں وہی مضامین شائع ہوتے ہیں جو غیر مطبوعہ ہوتے ہیں۔

آج سے دس بارہ سال پہلے مصنف نے خود یہ کتاب میرے پاس بھیجی تھی، مجھے یہ کتاب اس قدر پسند آئی کہ میں نے اپنے استاذ مولانا اعجاز احمد صاحب اعظمیؒ سے اس پر مقدمہ لکھوایا اور خود ایک پیش لفظ لکھ کر اسے ۲۰۱۱ء میں اسلامک بک فاؤنڈیشن دہلی سے چھپوادیا۔کتاب ۲۴۸؍ صفحات پر مشتمل ہے۔مولانا اعجاز احمد صاحب اعظمیؒ نے اپنے مقدمہ میں لکھا کہ:

’’ کتاب اس لائق ہے کہ ہر گھر میں ہو اور ہر روز اس کا ایک ایک درس پڑھا جائے ، گھر والوں کو سنایا جائے، اور ہر روز تجدید عزم کی جائے کہ آپ ﷺ کی تعلیمات کو بہ نیت رضائے الٰہی عمل میں لایا جائے گا۔

ضیاء الحق خیرآبادی

۲۳؍ ذی قعدہ ۱۴۴۳ھ مطابق ۲۴؍ جون ۲۰۲۲ء قبل صلوٰۃ الجمعۃ

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے